سابق نِکلوڈین چائلڈ اسٹار ٹائلر چیس کی بے گھر حالت، والد نے ذہنی بیماری کی تصدیق کی

سابق نِکلوڈین چائلڈ اسٹار ٹائلر چیس کی بے گھر حالت، والد نے ذہنی بیماری کی تصدیق کی

2000 کی دہائی میں امریکی ٹی وی کے مقبول پروگرام Ned’s Declassified School Survival Guide میں کام کرنے والے سابق چائلڈ اسٹار ٹائلر چیس کی کیلیفورنیا کی سڑکوں پر لاوارث حالت میں ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان کے والد نے بیٹے کی حالت کے بارے میں وضاحت دی ہے۔

ٹائلر چیس کے والد جوزف مینڈیز جونیئر کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا بائی پولر ڈس آرڈر اور شیزوفرینیا میں مبتلا ہے، تاہم وہ علاج کروانے سے انکار کر رہا ہے۔ 36 سالہ ٹائلر گزشتہ ایک دہائی سے ذہنی بیماری اور منشیات کے مسائل سے دوچار ہے۔مینڈیز نے بتایا کہ خاندان نے برسوں تک مختلف طریقوں سے علاج کی کوشش کی، جس میں ذہنی صحت اور نشے کے علاج کے اقدامات شامل تھے۔ 2015 میں تشخیص کے بعد ٹائلر کی حالت مزید بگڑی، اور 2021 میں اسے جارجیا کے بحالی مرکز (ری ہیب) میں داخل کروایا گیا، تاہم بعد میں اس نے علاج ترک کر دیا اور دوبارہ منشیات کا استعمال شروع کر دیا۔

ٹائلر بعد میں واپس کیلیفورنیا چلے گئے تاکہ اپنی والدہ پاؤلا موئیسو کے قریب رہ سکیں، جو لاس اینجلس میں رئیل اسٹیٹ کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ٹائلر ریور سائیڈ پر مٹی میں پھنسے ہوئے تھے، ان کے کپڑے پھٹے ہوئے اور جسم مٹی سے اٹا ہوا تھا، جبکہ ان کا رویہ غیر معمولی تھا۔ جب کسی نے ان سے بات کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے ذہنی بیماری سے انکار کیا۔مینڈیز نے کہا کہ جب ٹائلر اپنی اصل حالت میں ہوتا ہے تو وہ ایک شاندار انسان ہے، اور ان کی صحت یابی کے لیے خاندان مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔