وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی پنجاب آمد کے موقع پر استقبال کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے اس حوالے سے استقبالیہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔پی ٹی آئی پنجاب کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورہ لاہور کے لیے تیاریاں مکمل ہیں، جبکہ چکری انٹرچینج سے لاہور تک استقبال کی نگرانی استقبالیہ کمیٹی کرے گی۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی کا بھرپور اور منظم خیرمقدم کیا جائے گا۔استقبالیہ کمیٹی میں ڈاکٹر علی عمران ایڈووکیٹ، ظفر اقبال گوندل اور چوہدری نذیر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ زبیر خان، زیاد کیانی، فرخ سیال اور فیاض تبسم بھی کمیٹی کا حصہ ہیں، جبکہ راجہ عمران جاوید، سردار آصف عثمان ٹائیگر سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی انتظامات میں شریک ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا 26 دسمبر کو تین روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے۔ امکان ہے کہ وہ اپنے دورے کے دوران کوٹ لکھپت جیل میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے ملاقات بھی کریں گے۔شیڈول کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی دورے کے پہلے روز پنجاب اسمبلی جائیں گے، جہاں وہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی میڈیا سے گفتگو بھی متوقع ہے۔