محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے تمام ملازمین ایک خاندان کی مانند ہیں : فاروق نذیر
لاہور (کرائم رپورٹر)دفتر انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب میں مسیحی اسیران اور مسیحی جیل ملازمین کی خوشیوں میں شرکت کے لیے کرسمس کی مناسبت سے کیک کٹنگ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ترجمان جیل حکام کے مطابق تقریب میں آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے خصوصی شرکت کی اور مسیحی ملازمین کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا،اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز میاں سالک جلال اور ڈی آئی جی سرگودھا ریجن سعید اللہ گوندل بھی موجود تھے۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے پنجاب بھر کی جیلوں میں مقید مسیحی اسیران اور محکمہ جیل خانہ جات میں خدمات انجام دینے والے مسیحی ملازمین کو کرسمس کی مبارکباد دی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کا کہنا تھا کہ محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے تمام ملازمین ایک خاندان کی مانند ہیں اور محکمہ اپنے مسیحی ملازمین کی خوشیوں میں برابر کا شریک ہے۔