لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال نے مسلسل موسلادھار بارش کے دوران ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے جیل کی سکیورٹی، فلڈ پریپیئرڈنس، قیدیوں کی فلاح و بہبود، طبی سہولیات، کچن، ملاقات کے انتظامات اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ آئی جی نے سکیورٹی پوسٹوں، واچ ٹاورز، پریمیٹر وال اور مرکزی گیٹ کا معائنہ کرتے ہوئے تمام سکیورٹی بیٹس فعال رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ملاقاتی کمپلیکس میں سہولیات کا جائزہ لیا اور لواحقین سے بھی ملاقات کی۔ مسلسل بارش کے پیش نظر نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے خراب اسٹینڈ بائی جنریٹر کی جگہ نیا جنریٹر نصب کرا دیا گیا۔ انہوں نے تمام جیلوں میں ہنگامی مشینری فعال رکھنے کی ہدایت کی۔ جیل کچن میں صفائی، حفظان صحت اور کھانے کے معیار کو بھی تسلی بخش قرار دیا گیا۔