اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے پاک چین تعلقات کو تاریخی اور اعتماد پر مبنی قرار دیا ہے۔
پرائم منسٹر ہاؤس کے پریس ونگ کے مطابق، وزیراعظم سے ممتاز چینی آرٹسٹ اور مجسمہ ساز ماسٹر یوآن شیکم نے ملاقات کی، جس میں چیئرمین ماؤ زے تنگ کی بھتیجی مادام ماؤ شیاؤ چنگ بھی موجود تھیں۔اس موقع پر قائداعظم محمد علی جناح اور چیئرمین ماؤ زے تنگ کے مجسمے پیش کیے گئے، جو ماسٹر یوآن کی مہارت کا مظہر ہیں۔ یہ تقریب 25 دسمبر کو قائداعظم اور 26 دسمبر کو چیئرمین ماؤ کی سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کی گئی۔وزیراعظم نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نے مسلمانوں کے لیے پاکستان کی بنیاد رکھی، جبکہ چیئرمین ماؤ نے جدید چین کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں، جو دن بدن مضبوط ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم نے چین کے تاریخی ورثے، جیسے ٹیرا کوٹا واریئرز میوزیم، اور پاکستان کی قدیم تہذیبوں، موہنجو دڑو اور ہڑپہ، کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے ثقافتی ورثے کو اہم قرار دیا۔انہوں نے چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) اور دفاع، زراعت، اور تعلیم کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ زراعت کے پاکستانی گریجویٹس کا پہلا بیچ جلد چین روانہ ہو گا۔تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ، اور دیگر سرکاری عہدیداران نے شرکت کی۔