پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں سے باہمی احترام پر مبنی ہیں؛ وزیراعظم

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں سے باہمی احترام پر مبنی ہیں؛ وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں سے باہمی احترام، دوستی اور قریبی تعاون پر مبنی ہیں، جبکہ وہ امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان کے دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سالم البواب الزابی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔وزیراعظم نے اماراتی سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں پاکستان میں حالیہ تقرری پر مبارکباد دی اور پاکستان و متحدہ عرب امارات کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور قریبی تعاون کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے لیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت کے موجودہ حجم پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے ساتھ ساتھ توانائی، معدنیات، آئی ٹی، ریلوے اور ہوا بازی کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید وسعت دی جائے۔

انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور استحکام کے لیے اہم شعبوں میں متحدہ عرب امارات کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے مشکل وقت میں پاکستان کے لیے یو اے ای کی مسلسل حمایت، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور ترقیاتی منصوبوں کو بھی سراہا۔اس موقع پر اماراتی سفیر سالم محمد سالم البواب الزابی نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔