ویب ڈیسک: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے 98 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر کہا ہے کہ پاک-چین دوستی وقت کی کسوٹی پر پورا اتری ہے، دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور مشترکہ عزم پر مبنی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے یومِ تاسیس پر جی ایچ کیو میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں چینی سفیر مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ اس موقع پر چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ زونگ اور سفارتخانے کے دیگر حکام بھی موجود تھے، جنہیں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خوش آمدید کہا۔ تقریب میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے افسران بھی شریک تھے۔فیلڈ مارشل نے پیپلز لبریشن آرمی کو مبارکباد دیتے ہوئے چین کے دفاع، سلامتی اور قومی تعمیر و ترقی میں اس کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک-چین تعلقات منفرد اور آزمائی ہوئی دوستی کی بنیاد پر قائم ہیں، اور دونوں ممالک علاقائی و عالمی چیلنجز پر مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدلتی اسٹریٹیجک صورتحال کے باوجود پاک-چین دوستی غیر متزلزل اور ثابت قدم ہے۔چینی سفیر نے تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی افواج کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ اسٹریٹیجک شراکت داری اور حمایت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔