پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے حال ہی میں امریکا میں مداحوں سے ملاقات کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر وضاحت پیش کی۔
ہانیہ عامر اور فہد مصطفیٰ ان دنوں امریکا کے دورے پر ہیں جہاں وہ اپنے مداحوں سے ملنے کے لیے ایک ایونٹ میں شریک ہوئے۔ ایونٹ میں ایک منتظم کی جانب سے ان کی خاتون مینیجر کے ساتھ بدتمیزی کی گئی جس کے بعد صورتحال بگڑ گئی اور ایونٹ اچانک ختم کر دیا گیا۔ہانیہ عامر نے اپنے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اس ناخوشگوار واقعے کی تفصیلات شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایونٹ کی منتظم کی جانب سے ان کی مینیجر کے ساتھ بدتمیزی کرنے کے بعد وہ اور فہد مصطفیٰ بیک اسٹیج گئے تاکہ اپنی مینیجر کا حال احوال پوچھ سکیں۔ اسی دوران منتظم شخص نے انہیں پکارتے ہوئے ایونٹ سے باہر جانے کو کہا، اور بعد ازاں حفاظتی پروٹوکول بھی منسوخ کر دیے گئے۔ہانیہ نے مزید کہا کہ وہ اور فہد اپنے مداحوں کے ساتھ تصاویر بنانے کے لیے بیک اسٹیج گئے تھے لیکن اسی دوران منتظم شخص نے ان کے ساتھ نامناسب سلوک کیا اور انہیں ہراساں کیا۔
اس کے نتیجے میں انہیں اپنی حفاظت کے پیش نظر ایونٹ چھوڑ کر ہوٹل واپس جانا پڑا۔ہانیہ نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عہدے کا اختیار کسی کو یہ حق نہیں دیتا کہ وہ دوسروں کی عزت پامال کرے، خاص طور پر خواتین کو نشانہ بنایا جائے۔ انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ بغیر حقائق جانے کسی بھی خاتون فنکار پر الزام نہ لگایا جائے۔اداکارہ نے اپنے مداحوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان سے محبت کرتی ہیں اور ایونٹ کے اختتام پر ہونے والی صورتحال پر افسوس ہے۔ اس کے علاوہ دیگر فنکاروں جیسے مایا علی، یشما گل، نبیل قریشی، حرا خان اور اوکھانو نے ہانیہ کی حمایت میں ان کی اسٹوری شیئر کی اور حوصلہ افزا پیغامات دیے۔