کرسمس : شہرمیں سکیورٹی کے بھرپورانتظامات

 ڈی آئی جی آپریشنز نے نشترکالونی،انارکلی، مال روڈ سمیت مختلف گرجا گھروں کا دورہ کیا
لاہور(کرائم رپورٹر)کرسمس کے موقع پر لاہور پولیس کی جانب سے بھرپور سکیورٹی انتظامات عمل میں لائے گئے۔ ڈی آئی جی آپریشنزمحمد فیصل کامران، ایس ایس پی آپریشنز، ڈویژنل ایس پیز سمیت دیگر افسران فیلڈ میں موجود رہے۔ تفصیلات کے مطابق مسیحی برادری کومذہبی تقریبات کے دوران بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے مربوط سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا۔ سکیورٹی پلان کے مطابق 622 چرچ، 19 پارک، 8 بازاروں میں سکیورٹی پر4987 پولیس افسران و جوان تعینات کیے گئے۔ اے کیٹگری کے 59 گرجا گھر،بی کیٹیگری کے 84 اور سی کیٹیگری 378 گرجا گھروں سمیت شہر کے تمام گرجا گھروں کو سکیورٹی فراہم کی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے نشترکالونی، چائنا سکیم، انارکلی، مال روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں قائم گرجا گھروں کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔