ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں کرسمس ،قائد اعظم ڈے کی تقریبات کاانعقاد

 لاہور(کرائم رپورٹر)ہوم سیکریٹری پنجاب نور الامین مینگل اور آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کی ہدایت پر کرسمس اور یوم ولادت قائد اعظمؒ کے حوالے سے ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔جیل حکام کے مطابق اس تقریب میں وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ، چیئرپرسن وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس رانا منان خان، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر اور چیئر مین امن کمیٹی پنجاب نے خصوصی شرکت کی ۔ تقریب کا آغاز کرتے ہوئے کرسمس کا کیک کاٹا گیا اور مٹھائی تقسیم کی گئی ۔ مسیحی اسیران کو سپیشل ڈائٹ مینو کے مطابق ناشتے میں سویاں ، دوپہر کے کھانے میں چکن کری اور شام کے کھانے میں چکن پلاؤ اور چکن کری فراہم کی گئی ۔یوم ولادت قائد اعظم کے حوالے اسیران پر مشتمل ٹیموں کے مابین کھیلوں کے مقابلے کروائے گئے اور جیتنے والوں ٹیموں کو انعامات سے نوازا گیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر بین المذاھب ہم آہنگی اور ملکی سلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی ۔اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے تزئین و آرائش کے بعد اسیران کے کچن کا بھی افتتاح کیا۔