580 جرائم پیشہ افراد گرفتار ، 62 ہوٹلوں، 4 گیسٹ ہاؤسز، 31,875 گھروں اور 98,773 افراد کے کوائف کی تصدیق
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کی جانب سے یوم قائد،کرسمس اور نیو ایئر کے موقع پر امن و امان یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 908 ٹارگٹڈ سرچ آپریشنز کئے گئے۔ دوران آپریشن 580 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔گرجا گھروں اور مسیحی آبادیوں کی سیکیورٹی کے تناظر میں 71 سرچ آپریشن کیے گئے۔ مختلف علاقوں میں ناکہ بندی کر کے اسلحہ اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں ہیں جن کا مقصد شہر کو محفوظ بنانا ہے۔ان کارروائیوں میں 125 ملزمان اسلحہ اور 239 منشیات کے ساتھ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ علاوہ ازیں 128 اشتہاری اور عادی مجرمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔کرایہ داروں کے ڈیٹا کی چھان بین کے دوران 14,186 افراد کی شناخت کا جائزہ لیا گیا۔ شناخت چھپانے والے 28 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے 62 ہوٹلوں، 4 گیسٹ ہاؤسز، 31,875 گھروں اور 98,773 افراد کے کوائف کی تصدیق کی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہاکہ شہریوں کا تحفظ اور امن و امان کا قیام لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔پولیس عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کرسمس اور نیو ایئر کے موقع پر پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک فرد یا سرگرمی کی اطلاع 15 پر دیں۔