لاہور سمیت صوبہ کے 2900 سے زائد گرجا گھروں کی سکیورٹی پر 30 ہزار پولیس افسر و اہلکار تعینات ہوں گے
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس نے کرسمس اور قائد اعظم ڈے کے موقع پر سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، لاہور سمیت صوبہ بھر کے 2900 سے زائد گرجا گھروں کی سکیورٹی پر 30 ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کی 600 سے زائد مسیحی عبادت گاہوں پر 5 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ قائد اعظم ڈے پر منعقدہ پروگرامز کی سکیورٹی پر 1 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کرسمس اور قائد اعظم ڈے کے موقع پر خواتین شہریوں کی چیکنگ کے لیے لیڈیز پولیس اہلکار بھی تعینات کی جائیں گی۔ گرجا گھروں کو حساسیت کے اعتبار سے اے، بی اور سی کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اے کیٹیگری میں 142، بی کیٹیگری میں 291 جبکہ سی کیٹیگری میں 2500 سے زائد گرجا گھر شامل ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ کرسمس اور قائد اعظم ڈے کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے جبکہ حساس گرجا گھروں پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس انتہائی الرٹ رہے اور ملک دشمن عناصر و مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ سپروائزری افسران گرجا گھروں کی انتظامیہ سے مسلسل رابطے اور باہمی مشاورت سے سکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے کرسمس اور قائد اعظم ڈے کی تقریبات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ حساس گرجا گھروں اور اہم مقامات کی سکیورٹی پر کمانڈوز اور سنائپرز بھی تعینات کیے جائیں گیآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ، پیرو اور ایلیٹ پولیس کی ٹیمیں گرجا گھروں اور مسیحی آبادیوں کے اطراف مؤثر پٹرولنگ یقینی بنائیں گی جبکہ سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کی ٹیمیں دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے دہشت گرد اور شر پسند عناصر کی سرکوبی کریں گی۔آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز اور سی ٹی اوز کو سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کی ہدایت بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس سے قبل گرجا گھروں اور مسیحی آبادیوں کے اطراف فلیگ مارچ، سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کرسمس کے موقع پر پارکوں، تفریحی مقامات، غیر ملکی سفارت خانوں سمیت تمام حساس تنصیبات کی فول پروف سکیورٹی بھی یقینی بنائی جائے گی اور تمام مکاتب فکر کے رہنماؤں کے تعاون سے کرسمس کے موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کو یقینی بنایا جائے گا۔