عمران خان کی رہائی کارکنوں کی قربانیوں کا ثمر ہوگی:عمر ایوب

عمران خان کی رہائی کارکنوں کی قربانیوں کا ثمر ہوگی:عمر ایوب

پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے اٹک میں پارٹی کے جاں بحق کارکن ملک ادریس ڈھرنال کے گھر آمد کے موقع پر اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

 عمر ایوب نے کہا کہ ملک ادریس جیسے بہادر کارکنوں پر فخر ہے، لیکن ان کے بچھڑنے کا غم بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اپنے کارکنان کی شہادت پر سخت رنجیدہ ہیں اور ان کے اہل خانہ کو انصاف دلانے تک پی ٹی آئی ان کے ساتھ ہے۔عمر ایوب نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فاشسٹ حکومت کو گولی کیوں چلائی کا جواب دینا ہوگا، اور حکومت کو احساس نہیں کہ اندھی گولیوں نے کتنے گھر اجاڑ دیے۔

 انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنوں سے وعدہ کرتی ہے کہ ظل شاہ سے لے کر ملک ادریس تک ہر کارکن کے خون کا حساب لیا جائے گا۔عمر ایوب نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی رہائی ان قربانیوں کا ثمر ہوگی جو کارکنوں نے دی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پی ٹی آئی اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے خوابوں کو ادھورا نہیں رہنے دے گی۔