ویب ڈیسک: پی ٹی آئی رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ مذاکرات کے حوالے سے ہمارا موقف واضح ہے، اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ عمران خان، شاہ محمود قریشی اور دیگر اسیران کو فوراً رہا کیا جائے۔
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کمیشن کے بارے میں حکومت کو آگاہ کر چکے ہیں اور یہ بھی کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی تک ہماری رسائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان پر کوئی الزام یا کیس نہیں بنتا، ان کو غیر قانونی طور پر جیل میں رکھا گیا ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ جب تک ملک میں آئین و قانون کی بالادستی قائم نہیں ہوگی، ملک کی ترقی کی صورتحال بھی یہی رہے گی۔ انہوں نے گیس کی کمی اور سردیوں میں لوڈشیڈنگ کی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہاں سے اناج غائب ہو چکا ہے، اور حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔