سپیکر پنجاب اسمبلی سے آئی جی پنجاب کی ملاقات

لاہور (سپیشل رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب اسمبلی کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پبلک سیفٹی کمیشن کے قیام اور صوبے میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر نے امن و امان کے قیام میں پولیس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون ضروری ہے۔ملاقات میں سپیکر ملک محمد احمد خان نے آئی جی پنجاب سے کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کانفرنس کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ سی  پی اے کانفرنس پاکستان میں پہلی بار منعقد ہو رہی ہے اور پنجاب اسمبلی اس تاریخی موقع کی میزبانی کر رہی ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کانفرنس کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر زور دیا اور کہا کہ یہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کا اہم موقع ہے۔