مسیحی برادری کی خوشیوں میں شرکت کیلئے چرچ ہاؤس آف پرئیرمیں منعقدہ تقریب میں وزیر اعلیٰ نے سب کیساتھ ملکر کرسمس کیک کاٹا‘تقریب میں موجود سپیشل بچی سے خصوصی طور پر اظہار شفقت کیا
اگلے ماہ اقلیتی کارڈ شروع کیا جائیگا‘ منیارٹی کارڈ سے نادار اقلیتی بہن، بھائیوں کے گزر بسر کیلئے ہر تین ماہ بعد مالی معاونت کی جائے گی:وزیراعلی کا چرچ میں تقریب سے خطاب
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مسیحی برادری کی خوشیوں میں شرکت کے لئے چرچ ہاؤس آف پرئیرگئیں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مسیحی برادری کے لئے 10 ہزار کرسمس کیک کا تحفہ دیا۔تقریب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سب کے ساتھ ملکر کرسمس کیک بھی کاٹا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مسیحی خاتون کو خود کیک کھلایا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کرسمس گرانٹ کے 15،15 ہزار کے چیک بھی تقسیم کئے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف لاہور کے سب سے بڑے چرچ کا دورہ کرنے والی پہلی وزیر اعلیٰ ہیں۔چرچ ہاؤس آف پرئیر پہنچنے پر وزیر اعلی مریم نواز شریف کا پرجوش استقبال کیا گیا۔رنگا رنگ لباس میں ملبوس ننھی بچیوں نے روائتی روسی دعائیہ گیت کوئیر پیش کیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ننھی بچیوں کو پاس بلا کر پیار کیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مسیحی سپیشل بچی کو بھی پاس بلایا اور اظہار شفقت کیا۔بشپ عرفان جمیل نے دعائیہ کلمات ادا کئے۔پاسٹر سالک جان برکت نے کرسمس کا پیغام پیش کیا۔ کرسمس کا پنجابی دعائیہ گیت بھی پیش کیا گیا۔وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔انہوںنے کہا ایسا پنجاب بنا رہے ہیںکہ کسی کو کسی قسم کا کوئی ڈر ،خوف یا خطرہ لا حق نہ ہو۔مسیحی برادری کے لئے محفوظ معاشرے کے قیام پر خصوصی توجہ دے رہی ہوں۔ خوشی ہے ایسا پنجاب بن رہا ہے،جہاں ہم عید بھی مناتے ہیں، کرسمس، ایسٹر، دیوالی سمیت تمام تہوار مناتے ہیں۔پنجاب میں گرونانک جنم دن ، بیساکھی اورہولی بھی منائی جاتی ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ منیارٹی کارڈ شروع کررہے ہیں۔منیارٹی کارڈ سے نادار اقلیتی بہن بھائیو ں کی گھر بیٹھے گزر بسر کے لئے ہر تین ماہ بعد مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ منیارٹی کارڈ 2025ء کے شروع میں لانچ کردیا جائے گا۔