جنوبی وزیرستان میں فورسز کا آپریشن، 13 دہشت گرد ہلاک

 آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا‘ہلاک ہونے والے خوارج سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے:آئی ایس پی آر
سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لئے کارروائیاں کر رہی ہیں،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنتہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی:صدر‘وزیراعظم‘وزیرداخلہ
راولپنڈی (آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں ایک  آپریشن  کے دوران   13 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 24 اور 25 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، اپریشن کے نتیجے میں 13 خوارج جہنم واصل ہو گئے۔  ہلاک ہونے والے خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، علاقے میں موجود کسی بھی دیگر خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ  پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔  صدر،وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے جنوبی وزیرستان میں 13خوارج ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کوخراج تحسین پیش کیا ہے ۔صدر نے کہا سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے کاروائیاں کر رہی ہیں،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنتہ الخوارج کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔وزیر اعظم نے کہا  انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، قوم کو سیکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں پر فخر ہے، ملک سے فتنہ الخوارج اور دہشتگردی کی مکمل سد باب تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی، وزیرداخلہ محسن نقوی نے  کہا پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشن کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔ بہادر  سکیورٹی فورسز  پر قوم کو ناز ہے۔