تحریک انتشار ملٹری کورٹس پر سیاست کررہی ہے، ملک سے باہر لابنگ کی جا رہی ہے‘فوجی عدالتوں نے ٹرائل میں ملکی قانون اور عالمی قوانین کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی
جب عمران خان کے دور میں فوجی عدالتوں نے ٹرائل کیے تو عمران خان ان عدالتوں کو اچھا کہتے رہے‘ ٹرائل میں مجرم کو فیئر ٹرائل، وکیل کرنے اور اہلخانہ سے ملنے سمیت تمام حقوق حاصل ہیں:پریس کانفرنس
اسلام آباد(بیورو رپورٹ‘مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے فوجی تنصیبات پر حملہ ہوگا تو ٹرائل بھی فوجی عدالتیں ہی کریں گے، تحریک انصاف سیاست نہ کرے اور معاملے کو متنازع نہ بنائے۔اسلام اُباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا تحریک انتشار ملٹری کورٹس پر سیاست کررہی ہے اور اس معاملے کو متنازع بنانے کی کوشش کررہی ہے، یہ بات واضح ہے فوجی عدالت ٹرائل صرف اسی وقت کرتی ہے جب دفاعی ادارے پر حملہ ہو جیسا کہ کور کمانڈر ہاؤس، مردان میں، بالا حصار میں ہوا، جب آپ دفاعی ادارے کی کسی عمارت پر حملہ کریں اور جلاؤ گھیراؤ کریں تو اس ادارے کی ذمہ داری ہوتی ہے ملزموں کو پکڑنا جس طرح آپ ریلوے میں کوئی جرم کریں تو ریلوے پولیس ایف آئی آر درج کرتی ہے۔ جب آپ فوجی اثاثوں پر حملہ کریں تو ملٹری ایکٹ لاگو ہوتا ہے، جب عمران خان کے دور میں فوجی عدالتوں نے ٹرائل کیے تو عمران خان نے ان عدالتوں کے فضائل بیان کیے انہیں اچھا کہتے رہے‘ یہ بیانات سوشل میڈیا پر موجود ہیں اور اب فوجی عدالتوں کے خلاف ملک سے باہر لابنگ کی جارہی ہے۔انہوںنے کہا اس ٹرائل میں مجرم کو فیئر ٹرائل، وکیل کرنے اور اہل خانہ سے ملنے سمیت تمام حقوق حاصل ہیں