امریکی صدر کی شمالی کورین رہنما سے ملاقات کی خواہش کا اظہار

امریکی صدر کی شمالی کورین رہنما سے ملاقات کی خواہش کا اظہار

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کورین صدر لی جے میونگ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے سربراہ سے خوشگوار تعلقات برقرار رکھتے ہوئے دوبارہ ملاقات کے خواہاں ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ملاقات جنوبی کورین صدر کے پہلے امریکی دورے کے موقع پر ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، سلامتی امور اور مشترکہ اقتصادی تعاون پر بات چیت کی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں مشترکہ بحری جہاز سازی اور علاقائی سلامتی کے معاملات پر خصوصی گفتگو ہوئی۔ تاہم امریکی صدر ٹرمپ نے جنوبی کوریا کے لیے ٹیرف میں نرمی کرنے سے انکار کر دیا اور واضح کیا کہ 15 فیصد ٹیرف معاہدے میں کسی قسم کا ردوبدل نہیں کیا جائے گا۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور جنوبی کوریا کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ "ہم عوامی جمہوریہ کوریا (شمالی کوریا) کے رہنما کے ساتھ مثبت تعلقات قائم رکھنا چاہتے ہیں اور مستقبل قریب میں دوبارہ ملاقات کے منتظر ہیں۔"