وزیراعظم محمد شہباز شریف سے معروف امریکی ملٹی نیشنل آئی ٹی کمپنی Afiniti کے سی ای او جیرومی کیپیلس کی سربراہی میں 4 رکنی وفد نے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں Afiniti کی جانب سے پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں مزید سرمایہ کاری کرنے کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا گیا۔وزیرا عظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی باصلاحیت افرادی قوت عالمی مارکیٹ میں مسابقتی بنیاد پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ وزیراعظم نے Afiniti پاکستان کو قومی اور بین الاقوامی صارفین کے لیے پاکستان میں عالمی معیار کا کال سینٹر قائم کرنے کی تجویز دی۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ وہ خود نگرانی کر رہے ہیں کہ ملک کے نوجوانوں کو آئی ٹی، اے آئی اور دیگر جدید تکنیکی صلاحیتوں سے لیس کیا جائے تاکہ آئی ٹی شعبے میں 25 ارب ڈالر کی برآمدات کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔
انہوں نے آئی ٹی کمپنیوں کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔وفد کے اراکین نے پاکستانی آئی ٹی شعبے سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد کی محنت اور قابلیت کی تعریف کی۔ جیرومی کیپیلس نے کہا کہ پاکستان کا آئی ٹی شعبہ سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے انتہائی موزوں ہے اور اس وقت Afiniti پاکستان میں 1000 سے زائد انتہائی باصلاحیت پاکستانی ماہرین کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ملاقات میں وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک تھے۔