واشنگٹن: وینزویلا کی اپوزیشن رہنما ماریا کورینا ماچاڈو نے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران اپنا نوبیل امن انعام کا تمغہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پیش کیا، جسے صدر ٹرمپ نے قبول کر لیا ہے۔
وائٹ ہاؤس حکام کے مطابق صدر ٹرمپ نے تمغے کو اپنے پاس رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ یہ تحفہ ان کی خدمات کے اعتراف میں اور باہمی احترام کی علامت ہے۔ماچاڈو نے ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تمغہ وینزویلا کے عوام کی آزادی کے لیے صدر ٹرمپ کے کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔ تاہم، ناروے کے نوبیل انسٹی ٹیوٹ نے واضح کیا کہ نوبیل انعام قانونی طور پر منتقل نہیں کیا جا سکتا اور یہ اعزاز بدستور ماچاڈو کے نام رہے گا۔
واضح رہے کہ یہ دونوں رہنماؤں کی پہلی بالمشافہ ملاقات تھی، جس کے بعد ماچاڈو نے امریکی کانگریس کے ارکان سے بھی ملاقاتیں کیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی توجہ وینزویلا کے تیل کے شعبے اور معاشی بحالی پر مرکوز ہے۔