ویب ڈیسک: اسپین کے شہر لاس پیلاشیوس میں ایک انوکھا اور خوفناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک 50 سالہ گاہک نے مایونیز نہ ملنے پر کیفے کو آگ لگا دی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، گاہک نے کیفے کے عملے سے دو مرتبہ مایونیز مانگا لیکن عملے نے بتایا کہ مایونیز دستیاب نہیں ہے۔ اس جواب پر وہ شخص شدید غصے میں آپے سے باہر ہوگیا اور کیفے سے نکل کر قریب ہی واقع پیٹرول اسٹیشن سے لیٹر تیل خرید لایا۔واپس آکر اس نے کیفے پر تیل چھڑکا اور آگ لگا دی۔ اچانک بھڑکنے والی آگ سے کیفے میں موجود گاہک اور عملہ خوفزدہ ہوکر باہر نکل آئے۔ خوش قسمتی سے عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور بڑے نقصان سے بچ گئے۔رپورٹس کے مطابق واقعے میں ملزم خود بھی زخمی ہوا اور اس کا ہاتھ جھلس گیا، تاہم دیگر افراد محفوظ رہے۔ کیفے کو تقریباً 7 ہزار یورو کا نقصان پہنچا۔کیفے کے مالک نے اس واقعے کو "انتہائی عجیب اور ناقابلِ یقین" قرار دیا اور کہا کہ اس رویے کی کوئی معقول وجہ نہیں دی جا سکتی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔