ایرانی دارالحکومت تہران میں ایک کیفے کو مبینہ طور پر مشکوک اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے الزام میں بند کر دیا گیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق یہ کارروائی ولیعصر اسٹریٹ پر واقع ایک کیفے کے خلاف کی گئی، جہاں حکام کے مطابق “شیطانیت کو فروغ دینے” اور غیر روایتی سرگرمیوں کے شواہد ملنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کیفے میں موجود نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کے رویے کو مشکوک قرار دیا گیا، جبکہ ایک مختصر ویڈیو میں دیکھا گیا کہ کچھ افراد موسیقی پر ردعمل دے رہے ہیں اور ایک پرفارمنس جاری ہے۔
حکام کے مطابق اسی نوعیت کی سرگرمیوں پر ماضی میں بھی کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔ ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اس طرح کے اجتماعات بعض اوقات معاشرتی ضوابط کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں، جن پر قانون کے مطابق کارروائی کی جاتی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی تہران میں اسی نوعیت کے ایک واقعے میں متعدد افراد کی گرفتاری کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔