پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر کا کھویا ہوا والٹ خوش قسمتی سے واپس مل گیا۔
ثناء میر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اس واقعے کی تفصیل شیئر کی۔ثناء میر کے مطابق، وہ کچھ میٹھا لینے ایک دکان سے دوسری دکان جارہی تھیں کہ ان کا والٹ غلطی سے سڑک پر گر گیا۔ جیسے ہی انہیں یہ بات محسوس ہوئی، وہ پہلی دکان پر واپس گئیں مگر والٹ وہاں نہیں ملا۔ثناء میر نے بتایا کہ وہ سی سی ٹی وی کی ریکارڈنگ دیکھنے کا انتظار ہی کر رہی تھیں کہ اسی دوران ایک نامعلوم نمبر سے کال آئی۔ کالر نے پہلے تصدیق کی کہ کیا میرا کوئی سامان کھو گیا ہے، جس کے بعد ثناء میر نے فوری طور پر کالر کی بتائی ہوئی جگہ پر پہنچ کر والٹ وصول کیا۔
ثناء میر نے مزید بتایا کہ والٹ واپس کرنے والے افراد گرمی میں کھڑے میرے منتظر تھے تاکہ یہ مجھے واپس کیا جا سکے۔ والٹ میں ایک لفافہ بھی تھا جس پر ان کے رابطہ نمبر کے ساتھ کچھ اسٹوڈیو کی تصویریں موجود تھیں۔ثناء میر نے دونوں افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ اپنے رابطے کی تفصیلات والٹ میں رکھیں تاکہ اگر یہ صحیح شخص تک پہنچ جائے تو وہ آپ سے رابطہ کر سکے۔یہ واقعہ ثناء میر کے مداحوں کے لیے خوشی کا باعث بن گیا اور سوشل میڈیا پر صارفین نے والٹ واپس کرنے والے افراد کی تعریف کی۔