ثناء میر کا اعزاز ہر پاکستانی بیٹی کے لیے حوصلہ افزا ہے، قوم کو فخر ہے: محسن نقوی

ثناء میر کا اعزاز ہر پاکستانی بیٹی کے لیے حوصلہ افزا ہے، قوم کو فخر ہے: محسن نقوی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے ویمنز کرکٹ کی مایہ ناز سابق کپتان ثناء میر کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ہال آف فیم میں شامل ہونے پر دلی مبارکباد دی ہے۔

محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ "ویلڈن ثناء میر! پاکستان کی بیٹی نے پاک دھرتی کا مان بڑھایا، سبز ہلالی پرچم کو بلند کیا اور ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔"انہوں نے کہا کہ "ثناء میر نہ صرف پاکستان کرکٹ کا قیمتی اثاثہ ہیں بلکہ ویمنز کرکٹرز کے لیے ایک مثالی رول ماڈل بھی ہیں۔ ان کا آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونا ویمنز کرکٹ کی تاریخ کا سنگِ میل ہے۔"چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ثناء میر نے ایک خواب دیکھا، اس کے لیے انتھک محنت کی اور آخرکار تاریخ رقم کر دی۔ ان کا اعزاز نہ صرف پاکستان بلکہ قوم کی ہر بیٹی کے لیے فخر کا باعث ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ "یہ کامیابی ثناء میر کی انفرادی کامیابی کے ساتھ ساتھ پاکستان ویمنز کرکٹ اور پورے ملک کی کامیابی ہے۔ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مزید پاکستانی ویمنز کرکٹرز بھی یہ اعزاز اپنے نام کریں گی۔"ثناء میر کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کیا جانا نہ صرف ویمنز کرکٹ بلکہ پاکستان کے لیے بھی ایک اعزاز ہے، جس سے نئی نسل کی کھلاڑیوں کو مزید حوصلہ اور جذبہ ملے گا۔