کرکٹ میں وائیڈ بال کے قانون کو مزید منصفانہ بنانے کے لیے گزشتہ سال نئے ضابطے متعارف کرائے گئے تھے، جن کا مقصد بیٹر کی پوزیشن تبدیل کرنے کی صورت میں باؤلرز کو غیرضروری نقصان سے بچانا ہے۔
نئے قانون کے تحت وائیڈ کا فیصلہ کرتے وقت بیٹر کی ابتدائی ٹانگوں کی پوزیشن کو بنیاد بنایا جاتا ہے، چاہے گیند ہونے کے دوران بیٹر آف سائیڈ کی جانب حرکت ہی کیوں نہ کرے۔قانون کے مطابق اگر گیند پاپنگ کریز سے گزرتے وقت لیگ اسٹمپ اور پروٹیکٹڈ ایریا مارکر کے درمیان سے گزرے تو اسے وائیڈ قرار نہیں دیا جائے گا۔ امپائرز کی رہنمائی کے لیے پروٹیکٹڈ ایریا کی لائن کو پاپنگ کریز تک بڑھایا گیا ہے۔دوسری جانب اگر گیند بیٹر کی ٹانگوں کے پیچھے سے گزرے اور مقررہ لائن سے باہر لیگ سائیڈ پر ہو تو اسے وائیڈ قرار دیا جا سکتا ہے۔پاکستان ویمنز ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر نے پچ پر کھڑے ہو کر ایک ویڈیو کے ذریعے اس قانون کی آسان انداز میں وضاحت کی ہے، تاکہ شائقین کو وائیڈ بال کے نئے ضابطے کو سمجھنے میں آسانی ہو۔