لندن: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر ثناء میر نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا۔
انہوں نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025 کے فائنل کے دوسرے روز لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں روایتی گھنٹی بجا کر میچ کے آغاز کا اعلان کیا۔یہ گھنٹی بجانا لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کی ایک دیرینہ روایت ہے، جس کے تحت ہر روز کسی معروف اور معزز سابق کھلاڑی یا شخصیت کو گھنٹی بجانے کی دعوت دی جاتی ہے۔ ثناء میر کو یہ اعزاز دیے جانے پر کرکٹ حلقوں میں فخر اور مسرت کا اظہار کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ ثناء میر حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ہال آف فیم میں شامل کی گئی تھیں، اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر ہیں۔
ان کے نام 226 بین الاقوامی میچز اور شاندار آل راؤنڈر کارکردگی درج ہے۔لارڈز کے اس تاریخی موقع پر جہاں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل میچ جاری ہے، وہاں ثناء میر کی موجودگی اور انہیں گھنٹی بجانے کی دعوت ملنا نہ صرف پاکستانی خواتین کرکٹ بلکہ عالمی سطح پر ویمن اسپورٹس کی ترقی کے لیے بھی ایک مثبت قدم سمجھا جا رہا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ، سابق کرکٹرز اور شائقین نے سوشل میڈیا پر ثناء میر کو اس تاریخی لمحے پر مبارک باد دی ہے۔