اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کے خان یونس میں 6 صحافیوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے اور اسے صحافت اور آزادی اظہار پر براہِ راست حملہ قرار دیا ہے۔
شیری رحمٰن نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی سفاکانہ کارروائی نے مزید 6 صحافیوں کو ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیا ہے، اور یہ عمل بین الاقوامی قانون کے تحت سنگین جنگی جرم کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں صحافیوں کا قتل اسرائیل کی جانب سے سچ کو دبانے کی بدنیتی کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے۔سینیٹر شیری رحمٰن نے النصر اسپتال پر بمباری کو بھی اسرائیل کی عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ غزہ میں ہونے والے مظالم کو جنگ نہیں بلکہ نسل کشی کہا جانا چاہیے۔واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے ایک ہی روز میں 6 صحافیوں کو شہید کر دیا، جبکہ النصر اسپتال پر یکے بعد دیگرے دو فضائی حملے کیے گئے جس میں مریض، ڈاکٹروں، شہری دفاع کے رضا کار اور 5 صحافی شامل ہیں، مجموعی طور پر 20 افراد شہید ہوئے ہیں۔