پیپلز پارٹی کی سینیئر رہنما شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ اسرائیل بے قابو اور جارحانہ انداز اختیار کر چکا ہے اور وہ پورے خطے پر غلبہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ ایران نے اسرائیلی اقدامات کا مؤثر جواب دیا ہے اور عالمی برادری اس ردعمل کو بخوبی دیکھ رہی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس کشیدگی پر قابو نہ پایا گیا تو جنگ محدود نہیں رہے گی بلکہ پورے خطے کو لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر بار بار ثالثی کی بات تو کرتے ہیں لیکن ان کی کوششوں کو وہی پذیرائی نہیں ملتی جس کے وہ خواہاں ہوتے ہیں۔شیری رحمٰن نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے نظریات میں گہری مماثلت ہے، اور بھارت بلااشتعال جنگی ماحول پیدا کر رہا ہے جو کہ خطے میں امن کے لیے خطرہ ہے۔
انہوں نے پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو اور ان کا وفد بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مؤثر مقدمہ پیش کر چکے ہیں، جو ماضی میں کم دیکھنے کو ملا ہے۔شیری رحمٰن نے بتایا کہ یورپی دورے کے دوران ایران اسرائیل تنازع شدت اختیار کر چکا تھا، لیکن اس کے باوجود عالمی برادری کی توجہ پاکستان پر مرکوز رہی۔ لندن میں کشمیر پر اہم ملاقاتیں ہوئیں، جو پاکستان کے مؤقف کی بین الاقوامی سطح پر قبولیت کا ثبوت ہیں۔