امریکی ریاست ایریزونا کے پینال کاؤنٹی میں ایک خوفناک اور قیامت خیز گرد و غبار کا طوفان آیا، جس نے پورے آسمان کو ڈھانپ دیا اور حدِ نگاہ شدید متاثر ہوئی۔
امریکی محکمہ موسمیات (نیشنل ویدر سروس) کے مطابق یہ طوفان دراصل ’ہبوب‘ (Haboob) تھا، جو جنوب مغربی امریکا میں موسمِ گرما کے دوران مون سون کے اثرات کے دوران بنتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ طوفان گرج چمک والے بادلوں کے نتیجے میں زمین کی طرف آنے والے تیز جھکڑ کے سبب پیدا ہوتا ہے، جو صحرا کی سطح پر موجود خشک ریت کو اُڑا کر دھول کے جھکڑ بناتے ہیں۔ یہ دھول بادلوں کے دائرے سے کہیں زیادہ فاصلے تک پھیل جاتی ہے، جس سے بڑے پیمانے پر حدِ نگاہ متاثر ہوتی ہے۔
حکام نے شہریوں اور ڈرائیورز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر ڈرائیورز دورانِ سفر حدِ نگاہ میں کمی محسوس کریں تو فوری طور پر سڑک کنارے اپنی گاڑی روکیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے ہبوب طوفانوں کی شدت مون سون کے موسم میں بڑھ جاتی ہے اور یہ شہریوں کی روزمرہ زندگی اور نقل و حمل پر براہ راست اثر ڈال سکتے ہیں۔