مرتضیٰ وہاب وضاحت کریں، نالوں کی صفائی کیوں نہیں ہوئی:منعم ظفر

مرتضیٰ وہاب وضاحت کریں، نالوں کی صفائی کیوں نہیں ہوئی:منعم ظفر

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شہر میں بنیادی مسائل، خاص طور پر نالوں کی صفائی نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران منعم ظفر نے کہا کہ بارش کے بعد شہر کے گٹر ابلنے لگتے ہیں اور شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے والا کوئی محکمہ نظر نہیں آتا۔ انہوں نے یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن منصوبے کے تحت کھدائی اور دیگر سڑکوں کی خراب حالت پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اردو بازار مارکیٹ سے پانی نکالنے میں دیر ہوئی اور اورنگی ٹاؤن میں پانچ ماہ سے پانی کی فراہمی معطل ہے، جبکہ پانی کے ٹینکر مہنگے داموں دستیاب ہیں۔منعم ظفر نے حب ڈیم کینال میں پہلے ہی دراڑیں پڑنے اور 22 سال میں منصوبے کی تکمیل نہ ہونے پر تنقید کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت کراچی کے لیے 500 ارب روپے فراہم کرے اور صوبائی حکومت ہر ٹاؤن کو 2 ارب روپے دے۔

 اس کے علاوہ انہوں نے سندھ میں اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر انہوں نے عباسی شہید اسپتال میں ڈاکٹرز کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج اور ہاؤس آفیسرز کی تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے پر بھی سوالات اٹھائے۔منعم ظفر نے واضح کیا کہ یہ تمام مسائل حل کرنے کی ذمہ داری مرتضیٰ وہاب اور متعلقہ حکام پر عائد ہوتی ہے اور عوام کو بروقت سہولیات فراہم کی جائیں۔