لاہور: جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے عوام کے 3 ہزار 360 ارب روپے کا حساب دے، اور مرتضیٰ وہاب کے پیچھے جاگیردارانہ سیاست کار فرما ہے۔
منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران حافظ نعیم الرحمٰن نے صوبائی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تمام صوبائی حکومتیں بلدیاتی نظام کو یرغمال بنا کر بیٹھی ہیں اور عوامی مسائل حل نہیں ہونے دیے جا رہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ میں شکست کی ذمہ داری قومی ٹیم پر نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ناقص حکمت عملی پر عائد ہوتی ہے، اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ وزارت کریں گے یا بورڈ کی سربراہی سنبھالیں گے۔فلسطین کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ صرف فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا کافی نہیں بلکہ دنیا کو اسرائیل کے مظالم کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے گریٹر اسرائیل منصوبے کے خلاف اسلامی ممالک کے مشترکہ دفاعی اور معاشی بلاک کی ضرورت پر زور دیا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا کہ یکم تا سات اکتوبر جماعت اسلامی ملک بھر میں اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف ملین مارچ کے ذریعے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گی۔ اس دوران جماعت اسلامی کسان تنظیموں کو بھی ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مشاورت سے لائحہ عمل طے کرے گی۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیلاب سے متاثرہ کسانوں کو فوری امداد فراہم کی جائے۔