ضلعی انتظامیہ لاہور نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے شاہدرہ اور سگیاں والا بائی پاس کا دورہ کیا اور فلڈ وارننگ کے تحت ایمرجنسی و ریسکیو انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اے سی راوی، ریسکیو 1122 کے نمائندے اور دیگر متعلقہ افسران نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔تفصیلات کے مطابق، دریائے راوی میں اس وقت 40 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پانی کی مقدار بڑھ کر 60 ہزار کیوسک تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ہر وقت الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر مکمل تیاریاں یقینی بنائیں۔
مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے نشیبی علاقوں سے آبادی کے انخلاء کا جامع پلان فوری طور پر مرتب کرنے کی ہدایت دی۔ ریلیف کیمپوں میں تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جبکہ دریائے راوی کے اطراف مشینری اور عملے کی 24 گھنٹے موجودگی برقرار رکھی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریسکیو 1122 سمیت تمام ادارے کسی بھی ناگہانی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی سیلابی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹا جائے گا۔