خیبر پختونخوا کے دو اضلاع ٹانک اور شمالی وزیرستان سے بیک وقت پولیو کے دو نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد صوبے میں رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 15 تک پہنچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد میں قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری برائے انسداد پولیو نے ان نئے کیسز کی تصدیق کی ہے۔ ضلع ٹانک کی یونین کونسل مولازئی میں 16 ماہ کی ایک بچی جبکہ شمالی وزیرستان کی یونین کونسل میران شاہ میں دو سالہ بچی میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق خیبر پختونخوا میں رواں سال سب سے زیادہ پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں ضلع بنوں، لکی مروت، ٹانک اور شمالی وزیرستان سے تین، تین کیسز، جبکہ تورغر، ڈیرہ اسماعیل خان اور لوئر کوہستان سے ایک، ایک کیس شامل ہے۔
اس طرح خیبر پختونخوا میں کیسز کی تعداد 15 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ملک بھر میں پولیو کے مجموعی کیسز کی تعداد 23 ہوگئی ہے۔ سندھ سے اب تک 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک، ایک کیس سامنے آیا ہے۔ماہرین صحت نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو لازمی طور پر انسداد پولیو مہم کے دوران حفاظتی قطرے پلائیں تاکہ انہیں اس موذی مرض سے بچایا جا سکے۔