ویب ڈیسک:پاکستان میں پولیو کے مزید دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد رواں سال ملک بھر میں پولیو کے کیسز کی تعداد 48 تک پہنچ گئی ہے۔ نئے کیسز باجوڑ اور گجرات سے رپورٹ ہوئے، جہاں ماحولیاتی نمونوں میں جنگلی پولیو وائرس ٹائپ 1 (ڈبلیو پی وی ون) کا پتہ چلا۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے پولیو کے خاتمے کے لیے قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری کے عہدیدار نے تصدیق کی کہ "ڈبلیو پی وی ون" کے دونوں کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ایک کیس سندھ کے ضلع گھوٹکی سے سامنے آیا ہے، جو اس علاقے کا پہلا پولیو کیس ہے۔ گھوٹکی سکھر، رحیم یار خان اور شکارپور کے اضلاع سے متصل ہے، جہاں اس سال کے آغاز میں وائرس کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔دوسرا کیس خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے سامنے آیا، جہاں 28 ماہ کے ایک لڑکے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ڈیرہ اسماعیل خان جنوبی خیبر پختونخوا کے ان اضلاع میں شامل ہے جو پولیو سے متاثر ہیں۔ یہ پولیو کا تیسرا کیس ہے جو اس سال اس علاقے سے سامنے آیا، اور پاکستان میں مجموعی طور پر 48 واں کیس ہے۔پولیو کے متاثرہ بچوں سے جمع کیے گئے نمونوں کی جینیاتی سیکوینسنگ کا عمل جاری ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کا سراغ لگایا جا سکے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا سکیں۔