کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ورلڈ بینک کی نئی کنٹری ڈائریکٹر بولورما آنگابازار نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں پبلک ریسورسز فار اِنکلیوسو ڈویلپمنٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے وفد کو بتایا کہ سندھ حکومت ریونیو میں اضافہ اور سروس ڈیلیوری کو مؤثر بنانے کے اقدامات کر رہی ہے، غیرترقیاتی بجٹ کو کنٹرول کیا جا رہا ہے جبکہ ٹیکس ریونیو کی شرحِ نمو بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے تعلیم کے شعبے میں اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پرائمری اور مڈل اسکولوں میں انرولمنٹ بڑھانے کے لیے خصوصی منصوبے جاری ہیں۔ اجلاس میں زرعی ٹیکس، سیلز ٹیکس آن سروسز اور پراپرٹی ٹیکس کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سندھ ریونیو بورڈ کو ایک بہترین ٹیکس کلیکشن ادارہ بنایا گیا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے پنشن ریفارمز متعارف کرائی ہیں، ادائیگیوں کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے اور غیرترقیاتی اخراجات کم کرنے پر کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صحت اور تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے اور فنڈز کے بروقت اجرا کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ مزید فوکس تعلیم اور صحت کے شعبوں پر رکھا جائے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزرا ڈاکٹر عذرا فضل، ناصر شاہ، سردار شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکرٹری فنانس فیاض جتوئی سمیت دیگر حکام شریک تھے جبکہ ورلڈ بینک کے وفد میں آپریشن منیجر گائیلیس، آپریشن آفیسر حنا سلیم لوطیہ، سینئر اکنامسٹ عدنان اشرف اور بلال ملائب بھی شامل تھے۔