لاہور پولیس کی جوئے اور آن لائن گیمبلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں، 2511 ملزمان گرفتار

لاہور پولیس کی جوئے اور آن لائن گیمبلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں، 2511 ملزمان گرفتار

لاہور پولیس نے رواں سال کے دوران جوئے اور آن لائن گیمبلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 2511 ملزمان کو گرفتار اور 644 مقدمات درج کیے ہیں۔

 ان کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 1 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد کی داؤ پر لگی رقم بھی برآمد کی گئی۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے تمام افسران کو ہدایت کی ہے کہ جوئے کے اڈوں اور آن لائن گیمبلنگ نیٹ ورکس کے خلاف بلا تفریق اور سخت کارروائی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جوئے کی ترغیب دینے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کڑی نظر رکھی جائے اور اس حوالے سے آئی ٹی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی جائیں تاکہ جدید طریقوں سے کام کرنے والے گروہوں کی نشاندہی کی جا سکے۔

سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کی خصوصی نگرانی کی جائے، جبکہ آن لائن فراڈ میں ملوث ایپلی کیشنز کے خلاف بھی بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو عناصر نوجوان نسل کو جوا کھیلنے پر اکساتے ہیں انہیں نشان عبرت بنایا جائے گا۔لاہور پولیس ترجمان کے مطابق پولیس جرائم کے تدارک اور نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے بچانے کے لیے پوری طرح سرگرم عمل ہے اور عوام کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔