ویب ڈیسک: ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف اے این ایف (اینٹی نارکوٹکس فورس) کی جانب سے جاری کریک ڈاؤن کے دوران 10 مختلف کارروائیوں میں 11 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ان کارروائیوں میں 58 لاکھ سے زائد مالیت کی 32.914 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ایک کوریئر آفس سے برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل میں سے 24 گرام ویڈ برآمد کیا گیا۔ اسلام آباد کے قریب ایم ون موٹر وے پر ایک گاڑی سے 12 کلو چرس برآمد ہوئی، جس پر 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اسلام آباد کے ایک اور مقام پر 1.2 کلو چرس ضبط کی گئی۔
گوادر کے جیوانی کے غیر آباد علاقے سے 10 کلو چرس برآمد کی گئی، جبکہ اٹک کے مہریہ ٹاؤن کے قریب 6 کلو چرس ضبط کی گئی۔ اٹک کے اقبال شہید ٹول پلازہ جی ٹی روڈ پر 3 کارروائیوں میں 3 ملزمان کے قبضے سے 120 نشہ آور گولیاں، 290 گرام افیون اور 136 گرام چرس برآمد کی گئی۔ کراچی کے سہراب گوٹھ الآصف سکوائر سے 2 کلو ہیروئن برآمد کی گئی، جس میں 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف کا کہنا ہے کہ اس کریک ڈاؤن کا مقصد ملک میں منشیات کی اسمگلنگ کو روکنا اور عوامی صحت کو بچانا ہے۔