غزہ کے لیے پاکستان کی امدادی سامان کی دوسری کھیپ مصر پہنچ گئی

غزہ کے لیے پاکستان کی امدادی سامان کی دوسری کھیپ مصر پہنچ گئی

قاہرہ:پاکستان کی جانب سے غزہ کے مظلوم عوام کے لیے بھیجا گیا امدادی سامان کی دوسری کھیپ مصر پہنچ گئی ہے۔

ترجمان پاکستانی سفارتخانہ (قاہرہ) کے مطابق امدادی سامان لے کر خصوصی پرواز آج مصر کے العریش بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتری۔ یہ امدادی پرواز وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر روانہ کی گئی تھی۔خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے 100 ٹن امدادی سامان مصر پہنچایا گیا، جسے مصر میں تعینات پاکستانی سفیر عامر شوکت نے وصول کیا۔ بعدازاں یہ سامان مصری ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے حوالے کر دیا گیا تاکہ اسے غزہ کے شہریوں تک پہنچایا جا سکے۔اس موقع پر شمالی سینا گورنریٹ کے ڈپٹی گورنر جنرل عاصم بھی موجود تھے۔ انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے غزہ کے شہریوں کے لیے امداد کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی یہ کوشش فلسطینی عوام کے لیے بڑا سہارا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی طرف سے غزہ کے بھائیوں کے لیے اب تک مجموعی طور پر 21 امدادی کھیپیں روانہ کی جا چکی ہیں، جن کی کل مقدار 2027 ٹن تک پہنچ چکی ہے۔پاکستانی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے متاثرہ عوام کے لیے امدادی کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی تاکہ وہاں پھنسے شہریوں کو خوراک، ادویات اور ضروری اشیاء کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔