ویب ڈیسک: وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایات پر غزہ کے مظلوم عوام کے لیے امدادی سامان کی فراہمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے تحت مزید 200 ٹن امدادی سامان دو خصوصی پروازوں کے ذریعے روانہ کیا گیا۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل 18ویں کھیپ خصوصی پرواز کے ذریعے روانہ کی گئی، جب کہ اس سے قبل 7 اگست کو 100 ٹن وزنی 17ویں کھیپ روانہ کی گئی تھی۔تازہ ترین کھیپ میں راشن بیگز، تیار کھانا اور ادویات شامل ہیں۔ اب تک 18 امدادی کھیپوں کے ذریعے فلسطین کو بھیجی گئی امداد کا مجموعی وزن 1815 ٹن ہو چکا ہے۔سامان روانگی کی تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں فلسطینی سفیر، حکومتی نمائندے اور این ڈی ایم اے کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے امدادی سامان کی بروقت روانگی یقینی بنانے پر این ڈی ایم اے اور فلاحی اداروں کی کاوشوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا۔