ویب ڈیسک: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو ترکیہ میں اعلیٰ عسکری اعزاز ’’لیجن آف میرٹ آف دی ترک آرمڈ فورسز‘‘ سے نوازا گیا۔
ترک نیول فورسز کے ہیڈکوارٹرز آمد پر سربراہ پاک بحریہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ایڈمرل نوید اشرف نے ترک نیول فورسز کے کمانڈر سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ بحری تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران نیول چیف نے ترک وزیر دفاع، چیف آف جنرل اسٹاف اور کمانڈر ترکش نیوی فلیٹ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی، دفاعی شراکت داری، مشترکہ مشقوں اور تربیتی صلاحیتوں کے فروغ پر زور دیا گیا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے ملجم پراجیکٹ کا جائزہ لینے کے لیے استنبول نیول شپ یارڈ اور گولچک نیول بیس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آبدوزوں کی تعمیراتی صلاحیتوں کا مشاہدہ کیا۔دورے کے دوران نیول چیف نے ترکش جہاز سمیت مختلف نیول تنصیبات کا بھی معائنہ کیا اور مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر پھول رکھے۔ اس دورے سے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بحری تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔