واسا کا ٹنل بورنگ منصوبہ لاریکس کالونی سے گلشن راوی تک بچھایا جائے گا
لاہور ( ) لاہور میں پہلی بار سڑکیں اکھاڑے بغیر سیوریج لائن بچھانے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ۔ وفاقی حکومت نے نکاسی آب کے اس میگا پراجیکٹ کی منظوری دے دی ، جس کے تحت ٹرنچ لیس ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ واسا کا ٹنل بورنگ منصوبہ لاریکس کالونی سے گلشن راوی تک بچھایا جائے گا۔4سال کی پلاننگ اور فزیبلٹی کے بعد اب منصوبے پر عملی کام کی راہ ہموار ہو گئی ۔ لاریکس کالونی سے گلشن راوی تک 28 کلو میٹر طویل زمین دوز سیوریج لائن بچھائی جائے گی۔ منصوبے کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 14 ارب 26 کروڑ 50 لاکھ 60 ہزار روپے لگایا گیا۔مالی سال 2022-23 میں اس منصوبے کیلئے 6 ارب 33 کروڑ 25 لاکھ جبکہ 2023-24 میں 5 ارب 88 کروڑ روپے مختص کئے گئے۔ منصوبے کی کنسلٹنسی کیلئے4بین الاقوامی فرم کو پری کوالیفائی کر لیا گیا جن میں ڈنمارک کی دو، چین اور امریکہ کی ایک ایک کمپنی شامل ہیں۔ منصوبہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے تعاون سے تعمیر کیا جائے گا، جس کے تحت بینک سے 4 سال میں مالی معاونت حاصل کی جائے گی۔ایم ڈی واسا غفران احمد کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ لاہور میں نکاسی آب کے نظام میں انقلابی تبدیلی لائے گا۔ جدید ٹیکنالوجی سے شہریوں کو سڑکوں کی کھدائی اور ٹریفک مسائل سے نجات ملے گی۔