لہر اتھارٹی کا جدید ڈرینیج اور سیوریج سسٹم بچھانے کا فیصلہ

بڑے منصوبے کی پلاننگ اور تکنیکی ذمہ داری واسا کو سونپ دی گئی :ذرائع 
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور کے مرکزی اور تاریخی علاقوں کی بہتری کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھا لیا گیا ہے، جہاں لہر اتھارٹی نے بڑے پیمانے پر جدید ڈرینیج اور سیوریج سسٹم بچھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف نکاسی آب کے دیرینہ مسائل کا حل نکالنا ہے بلکہ شہری انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا بھی ہے۔منصوبے کے تحت اندرون شہر کے داخلی دروازوں کے باہر نئے سیوریج نیٹ ورک کی تنصیب کی جائے گی، جبکہ پورے سرکلر روڈ بیلٹ اور اس سے ملحقہ اہم مقامات کو بھی اس نظام میں شامل کیا گیا ہے۔ ریلوے سٹیشن، نیلا گنبد، بھاٹی گیٹ، داتا دربار، جی پی او چوک، کچہری، لوئر مال اور اپر مال جیسے اہم علاقوں میں ڈرینیج کے جامع نظام کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اس بڑے منصوبے کی پلاننگ اور تکنیکی ذمہ داری واسا کو سونپ دی گئی ہے، جس نے ابتدائی ڈیزائن اور ورکنگ پر کام شروع کر دیا ہے۔ منصوبہ آئندہ لہر اتھارٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف سے حتمی منظوری حاصل کی جائے گی۔