لاہور(کرائم رپورٹر)نواب ٹاؤن میں بھانجوں کے ہاتھوں ماموں کے قتل کے واقعہ میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ نواب ٹاؤن پولیس نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے چوبیس گھنٹے سے قبل ہی ایک مرکزی مفرور ملزم احتشام کو گرفتار کر لیا ہے۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق، ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس کو جلد از جلد ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت جاری کی تھی، جس پر نواب ٹاؤن پولیس نے بھرپور ایکشن لیتے ہوئے خصوصی ٹیم تشکیل دی۔گزشتہ روز درج مقدمہ نمبر 2484/25 میں دو ملزمان، احتشام اور گلشام، نامزد تھے جو واقعہ کے بعد فرار ہو گئے تھے۔ پولیس کی مسلسل کارروائی کے نتیجے میں ملزم احتشام کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جب کہ دوسرے ملزم گلشام کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا پولیس کی اولین ترجیح ہے اور انصاف کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔