جنگیں مسائل کو بڑھاتی ہیں، حل نہیں کرتیں: شیری رحمٰن

جنگیں مسائل کو بڑھاتی ہیں، حل نہیں کرتیں: شیری رحمٰن

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ جنگیں کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوتیں، بلکہ قوموں کی تباہی اور معیشت کی بربادی کا سبب بنتی ہیں۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ آج دنیا کو فلسطین اور مقبوضہ کشمیر جیسے مسائل کی وجہ سے شدید کشیدگی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "کشمیر اور غزہ کی موجودہ صورتحال ایک جیسی ہو گئی ہے، جہاں معصوم لوگوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔"انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس صورتحال پر فوری مداخلت کرے اور انصاف کو یقینی بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ برابری کی بنیاد پر ایک دوسرے کو تسلیم کرے، کیونکہ برابری کے بغیر مسائل پیدا ہوتے ہیں۔سینیٹر نے مزید کہا کہ دہشت گردی نے دنیا بھر میں نقصان پہنچایا ہے اور اب دنیا کو ماحولیات کے بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم نے خود پاکستان میں شدید موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات دیکھے، خاص طور پر سیلاب جیسی آفات نے ہمارے ملک کو بری طرح متاثر کیا۔"

شیری رحمٰن نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں درجہ حرارت 53 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے جو ایک تشویشناک صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ "کلائمٹ فنانس اور انفرا اسٹرکچر پر فوری سرمایہ کاری کی ضرورت ہے تاکہ ہم موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا مؤثر مقابلہ کر سکیں۔"آخر میں انہوں نے کہا کہ اگر عالمی برادری نے ماحولیات اور مساوات جیسے مسائل پر توجہ نہ دی تو مستقبل میں صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔