ویب ڈیسک: پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کے احکامات جاری
پاک بھارت کشیدگی میں اضافے کے بعد حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار میں ذخیرہ اندوزی کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، پہلگام واقعے کے بعد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور آئل ریفائنریوں کو ڈیزل اور جیٹ فیول کی زیادہ سے زیادہ دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل آئل (ڈی جی آئل) نے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور دیگر امپورٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی بروقت درآمد کو یقینی بنائیں۔
فی الحال ملک میں جیٹ فیول، ہائی اسپیڈ ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی معمول کے مطابق ہے اور کسی فوری قلت کا خطرہ نہیں ہے، تاہم حکومت نے احتیاطی تدابیر کے طور پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو متحرک کر دیا ہے۔ ڈی جی آئل کی ہدایات کے بعد تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے اپنے اسٹاکس کو بہتر بنانے کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔