اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ڈیفنس اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے پیشگی انتظامات کا جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ نے سول ڈیفنس کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور عملے سے ملاقات کے دوران ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے موجودہ ملکی و عالمی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں ادارے کو مکمل طور پر فعال بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل رکھی جائیں۔محسن نقوی نے کہا کہ عوام کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے آگاہی دینا انتہائی اہم ہے، اس لیے سول ڈیفنس کی آگاہی مہم سال بھر جاری رہنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کسی بھی وقت کوئی مذموم کارروائی کر سکتا ہے، جس کے لیے ہمیں ہر وقت چوکنا رہنا ہوگا۔انہوں نے سنٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈیسک کے قیام اور اس کے ذریعے تمام صوبائی سول ڈیفنس محکموں سے رابطے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی، اور کہا کہ امن کے ساتھ ساتھ جنگ کے دوران بھی سول ڈیفنس کا کردار کلیدی ہوتا ہے۔
اس موقع پر انچارج سول ڈیفنس عامر خان نے وزیر داخلہ کو ادارے کی کارکردگی اور سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی، جبکہ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی ہمراہ موجود تھے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنگی حالات میں سول ڈیفنس ادارہ سول سپورٹ فراہم کرتا ہے اور عوامی جذبے کو مضبوط بناتا ہے، جبکہ امن کے دوران شہریوں کی تربیت اور آگاہی کے لیے مختلف پروگرامز اور سیشنز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ملک بھر کے 10 تربیتی مراکز میں ہر سال تقریباً 250 کورسز کروائے جاتے ہیں، جن میں شہریوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے طریقے سکھائے جاتے ہیں۔