وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا گوادر میں مسافروں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا گوادر میں مسافروں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوادر کے علاقے کلمت میں بس سے اتار کر مسافروں پر فائرنگ کے افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

 وزیر داخلہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بے گناہ افراد کو ناحق قتل کرنا انسانیت سوز جرم ہے، اور شناخت کر کے مسافروں کو نشانہ بنانا بربریت اور درندگی کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے دہشت گردی کے خلاف پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

وفاقی وزیر نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ حکام اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ رات گوادر کے علاقے کلمت میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جس کے بعد یہ واقعہ علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔