محسن نقوی کا ڈیفنس لاہور ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس کا دورہ، شہریوں سے ملاقات

محسن نقوی کا ڈیفنس لاہور ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس کا دورہ، شہریوں سے ملاقات

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور کے علاقے ڈیفنس میں قائم ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاسپورٹ کے حصول کے لیے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

محسن نقوی نے شہریوں سے باری کے انتظار، عملے کے رویے اور پاسپورٹ کی بروقت ترسیل سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ شہریوں نے دفتر کے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اب نہ لمبی قطاریں لگتی ہیں اور نہ ہی گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ ایک شہری کے مطابق اب صرف پانچ منٹ میں باری آ جاتی ہے اور پورا عمل تیزی سے مکمل ہو جاتا ہے۔شہریوں کا کہنا تھا کہ ماضی میں سسٹم کی خرابی اور طویل انتظار کے مسائل درپیش تھے، تاہم اب صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ دفتر کا عملہ رہنمائی فراہم کرتا ہے اور تمام مراحل واضح اور آسان ہیں۔

محسن نقوی نے شہریوں کے مثبت تاثرات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دفتر کے انچارج اور عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ “پاسپورٹ آفس آ کر دلی خوشی ہوئی، شہریوں کا اطمینان ہی ہماری اصل کامیابی ہے۔”