نیویارک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں دنیا کو متعدد سیکیورٹی اور دیگر چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر تعاون اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ پولیس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اس عالمی فورم سے خطاب کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی امن اور سلامتی کے قیام کے لیے تمام ممالک کو باہمی تعاون، معلومات کے تبادلے اور مشترکہ حکمت عملی کو فروغ دینا ہوگا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جرائم کی نوعیت تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، اس لیے جدید ٹیکنالوجی اور جدید پولیسنگ کے طریقہ کار کو بروئے کار لا کر جرائم کی مؤثر روک تھام کی جا سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر تعاون کو مضبوط بنا کر دہشت گردی، منظم جرائم اور دیگر سیکیورٹی خطرات سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکتا ہے، جبکہ امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔